بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تاحال جاری، کئی رابطہ سڑکیں بند

گلیات کا تمام سڑکیں بند ہونے سے ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا
میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات
ملک بھر میں جاری بارشوں اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جب کہ بجلی کی بندش سے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔برفباری کی وجہ سے گلیات کی تمام سڑکیں بند ہیں جس کی وجہ سے گلیات کا ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ مری کی سڑکیں تو کھلی ہیں مگرشدید سردی میں سنسان پڑی ہیں جبکہ گاڑیوں، درختوں، پہاڑوں اورمکانات نے برف کی سفید چادر تان رکھی ہے۔ مری میں اب تک 2 جب کہ گلیات میں 3 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔مری کے مختلف علاقوں میں درخت گرنے اور تاریں ٹوٹنے سے بجلی کا نظام معطل ہو کر رہ گیا ہے، لوگوں کی مشکلات کے حل کیلئے کمشنر، سی پی او اورسی ٹی او راولپنڈی مری میں موجود ہیں۔ادھر کوئٹہ میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ،قلعہ سیف اللہ ،ژوب اور زیارت میں تیز بارشوں کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔شوگران، وادی کاغان اور ناران میں بھی 2 فٹ تک برفباری ہوچکی ہے، بالائی علاقوں میں گزشتہ دو روزسے بجلی منقطع ہے جب کہ ناران جانے کا راستہ بھی بند ہے۔آزادکشمیر میں بالائی وادی نیلم، وادی لیپہ، محمود گلی، فارورڈ کہوٹہ کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بندہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.