راولاکوٹ میں بھی ڈرگ ایڈک سینٹرز قائم کر کے لوگوں کو علاج معالجہ کی ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی

0
171

آزادکشمیر کی وزیر صنعت وحرفت و سوشل ویلفیئر محترمہ نورین عارف نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کرکے کشمیریوں کے مسائل اور آزادخطہ کی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں اپنی گہری اور غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے اور عملی طور پر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ آزادکشمیر کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ان سے کس قدر ہمدردی رکھتے ہیں ۔گزشتہ روز یہاںاخباری نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی حکومت نے نہ  صرف آزادکشمیر کی گزشتہ حکومت کے دور  کو پوراکیا بلکہ ترقیاتی بجٹ میں بھی اس قدر زیادہ اضافہ کر کے اور سی پیک کادائرہ کار آزادکشمیر تک بڑھا کر آزاد خطہ میں اربوں روپے کے نئے منصوبے شروع کرانے کے لئے اہم اقدامات کرائے ہیں جن پر آئندہ سالوں میں عملدرآمد سے آزادکشمیر میں تعمیرو ترقی کے ایک نئے اور مثالی دور کا آغار ہو گا ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اپنے گزشتہ اور موجودہ دور حکومت میں کشمیر کاذ اور آزاد خطہ کے لوگوںکے دیگر مسائل کے سلسلے میں جو گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور زلزلے کے بعد جس طرح وہ وطن واپسی پر فوری طور پر آزادکشمیر کے دورے پر آئے اس سے بھی یہ حقیقت پورے طور پر عیاں ہو جاتی ہیکہ ان کو اس خطے کے لوگوں کی مشکلات کا کس قدر احساس ہے۔انہوںنے کہا کہ پہلے ایٹمی دھماکوں اور اب سی پیک کے قومی میگا پراجیکٹس شروع کرانے کے باعث پاکستان مخالف قوتین وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے خلاف گھنائونی سازشوں میں مصروف ہیں اور ان کے سیاسی مخالفین کو بھی ان کی حکومت کے مثالی اور انقلابی اقدامات ہضم نہیں ہو رہے ہیں اور ان کو معلوم ہے کہ اگر نوازشریف حکومت نے 5سال پورے کر لئے اور ان کی حکومت کی طرف سے شروع کئے جانے والے تعمیر و ترقی کے انقلابی پروگرام اور لوڈ شیڈنگ جیسے اہم ملکی مسائل حل ہو گے تو آئندہ الیکشن میں تمام جماعتیں اکٹھے ہو کر بھی نوازشریف حکومت کی کارکردگی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کا مقابلہ نہیںکرسکیںگی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے کم عرصے کے دوران وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی حکومت کی کشمیر کاز اور آزادخطہ کی تیز رفتار اور مثالی تعمیرو ترقی کے عمل کے ساتھ ساتھ گڈگورننس کے لئے دیگر کوششوں کو میاں محمد نوازشریف حکومت نے جو پذیرائی دی اور آئینی ترامیم سے لیکر دیگر اقدامات کے سلسلے میں حکومت پاکستان اور اس کے اداروں کی طرف سے مؤثر پذیرائی دی گئی ماضی میں اس کی بھی مثالی نہیں ملتی اور توقع ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے مستقبل میں بھی وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدر خان کی مسلم لیگی حکومت کے مثبت اور مثالی اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیاجائیگا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کے لوگ اور ان کے سیاسی اور جماعتی ساتھی تمام سازشوں کو ناکام بنا کر انشاء اللہ اس مرتبہ بھی سرخرو ہونگے اور پاکستانی قوم آئندہ انتخابات میں بھی ان کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کر ے گی۔انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں حکومت آزادکشمیر کے دیگر اہم اقدامات کے علاوہ سی پیک فرسٹ فیز میں بھمبر انڈسٹریل زون کے قیام ، محکمہ صنعت وحرفت کے بیسک یونٹ کو فعال کرنے کے علاوہ کراچی اور ملک کے دیگرشہروں کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کاروں کو دعوت دیکر سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ آزادکشمیر کو معاشی طور پر فعال اور مستحکم بنایا جائے ۔ٹورازم کورئیڈور کے تحت اہم پر اجیکٹس کے علاوہ حلقہ نمبر1مظفرآباد میں جھینگ کے مقام پر 38کروڑ روپے کی اہم ہائیڈل پراجیکٹ کی منظوری، سوشل ویلفیئر کے محکمہ کے تحت نیلم ویلی اور فاروڈ کہوٹہ جیسے دور دراز علاقوں میں ووکیشنل سینٹرز کے قیام اور میرپور اور  راولاکوٹ میں بھی مظفرآباد کی طرز پر ڈرگ ایڈک سینٹرز قائم کر کے لوگوں کو علاج معالجہ کی ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی کے 752ملازمین کو بھی نارمل میزانیہ پر لانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ صنعت پٹرولیم کوالٹی کنٹرول کی ایک نئی سکیم کے اجراء کے علاوہ پرنٹنگ پریس کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اے ۔ کے ۔ ایم ۔ آئی ۔ ڈی ۔ سی  کی نئی سٹائون کٹنگ اور پالشنگ سکیم بھی رواں مالی سال شروع کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ہدایت کے تحت 2022کے عالم اولیمپکس گیمز کے سلسلے میں آزاد کشمیر کی خواتین کھلاڑیوں کی تربیت کے سلسلے میں بھی ایک نئی سکیم بھی شروع کی جارہی ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here