معروف عالم دین اور مفسر قرآن ،اسلامی نظریاتی کونسل آزکشمیر کے رکن مولانا محمد اسحاق خان المدنی انتقال کر گئے، عمر 80 سال تھی

نماز جنازہ منگ میں ادا کی گئی ،اہم شخصیات سمیت ہزاروں افراد کی شرکت، آبائی قبرستان میں سپرد خاک
مظفرآباد+منگ معروف عالم دین اور مفسر قرآن ،اسلامی نظریاتی کونسل آزکشمیر کے رکن مولانا محمد اسحاق خان المدنی انتقال کر گئے ،انکی عمر 80 سال تھی۔ نماز جنازہ بدھ کے روز شام 6بجے منگ میں ادا کی گئی جس میں اہم شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔مرحوم کو انکے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔مولانا اسحاق المدنی پاکستان اور آزادکشمیر کے جید عالم دین تسلیم کئے جاتے تھے جو جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر کے امیر شیخ الحدیث مولانا سعید یوسف خان کے ماموں تھے ۔مرحوم نے تعلیم کا آغاز جامعہ خیرالمدارس ملتان، جامعہ بنوری ٹائون کراچی سے کیا دورہ حدیث کی تکمیل کے بعد مدینہ یونیورسٹی سعودی عرب سے تعلیم مکمل کی۔اسحاق مدنی کئی اسلامی کتابوں کے مصنف بھی تھے انہوں نے قرآن کریم کی تین تفاسیر لکھیں جو کئی جلدوں پر مشتمل ہیں ۔مرحوم مدینہ یونیورسٹی میں مدرس کے فرائض سرانجام دیتے رہے جس کے بعد مولانا اسحاق مدنی کو سعودی حکومت کی طرف سے ورلڈ اسلامک مشن کارکن نامزد کیا گیا جو 43سال تک دوبئی میں سعودی دارلافتا والارشاد کی جانب سے مبعوث رہے اور درس حدیث دیتے رہے۔پاکستان آنے کے بعد آزادکشمیر حکومت نے انہیں اسلامی نظریاتی کونسل کا ممبر نامزد کررکھا تھا مرحوم نے سوگوران میں 5بیٹے اور 3بیٹیاں چھوڑیں۔صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان ،وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدرخان ،اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین،مسلم کانفرنس کے صدر سردارعتیق احمد خان،چیف جسٹس سپریم کورٹ وچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری ابراہیم ضیائ،چیف جسٹس عدالت العالیہ ایم تبسم آفتاب علوی،جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا سعید یوسف خان،سرپرست اعلیٰ مولانا قاری عبدالمالک،سواد اعظم اہلسنت والجماعت کے امیر مولانا محمد الیاس خان،سینئر نائب امیر مفتی محمودالحسن شاہ مسعودی،جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا امتیاز احمد عباسی،سیکرٹری اطلاعات قاری محمد افضل خان،ضلع مظفرآباد کے امیر مولانا قاری عبدالماجد،مولانا محمودالحسن اشرف،جمعیت اہلحدیث آزادکشمیر کے امیر دانیال شہاب مدنی،انجمن جعفریہ آزادکشمیر کے سربراہ مفتی کفایت حسین نقوی،ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مولانا عتیق الرحمن دانش نے مولانا اسحاق مدنی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے صبر و جمیل کی دعا کی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں