پاکستان کو کرپشن فری ملک بنانے کیلئے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے‘ چیئرمین نیب

0
28

 قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی خوشحال پاکستان کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اسے برداشت نہیں کیا جائے گا، نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لئے ملک بھر میں زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ یہ بات انہوں نے نیب کے گزشتہ ماہانہ جائزہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی خوشحال پاکستان کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نیب کو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے اعلیٰ ادارے کے طور پر قائم کیا گیا ہے جس کو بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے انسداد بدعنوانی کی جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔ نیب کو سرکاری و نجی اداروں اور افراد کی جانب سے تین لاکھ 43 ہزار 356 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس عرصہ کے دوران نیب نے 11581 شکایات کی جانچ پڑتال، 7587 انکوائریاں اور 3846 انوسٹی گیشنز نمٹائی ہیں جبکہ متعلقہ احتساب عدالتوں میں 2808 مقدمات دائر کئے گئے ہیں۔ نیب کی مجموعی سزا کی شرح 76 فیصد ہے۔ نیب نے 288 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ملک بھر میں نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آ گاہ کرنے کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں اور مختصر عرصہ میں ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طالب علموں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے کردار سازی کی 45 ہزار انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔ نیب 2017ءمیں ان انجمنوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشن سے احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنے تک کیلئے معیاری طریقہ کار اپنایا ہے۔ نیب کی آگاہی و تدارک مہم کے تحت ملک بھر میں مختلف سرکاری، غیر سرکاری تنظیموں، میڈیا، سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقوں کے تعاون سے لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقوں نے نیب کی آگاہی و تدارک مہم کو سراہا ہے جبکہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے اسے قومی فرض سمجھتے ہوئے اس کی بھرپور کوریج دے کر اس کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here