انٹرنیشنل فیسٹیول آف ہاکی میں پاکستانی ٹیم کی شکست کا سلسلہ جاری

میلبرن میں چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کے ہاتھوں آٹھ گول سے بدترین شکست کے بعد دوسرے میچ میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جمعرات کو انٹرنیشنل فیسٹیول آف ہاکی میں اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کو جاپان نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی لگاتار دوسری شکست ہے اور اب وہ اپنا تیسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف اس ٹورنامنٹ میں نو ایک کے سکور سے شکست پاکستان کی ہاکی کی تاریخ میں بدترین شکست ہے۔
اس سے قبل 2006 میں سپین میں کھیلی گئی چیمپیئنز ٹرافی میں ہالینڈ نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دی تھی۔
عالمی چیمپیئن آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف اس میچ میں مکمل طور پر چھائی رہی اور اس کی جانب سے بلیک گوورز نے ہیٹ ٹرک کی۔
پاکستان کا واحد گول ابوبکر نے کیا۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستانی ہاکی ٹیم کے یہ مایوس کن نتیجے اس غیر تسلی بخش کارکردگی کا تسلسل ہے جو وہ کافی عرصے سے دکھاتی آرہی ہے۔
گذشتہ ماہ ڈھاکہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں بھی پاکستانی ٹیم صرف بنگلہ دیش اور جنوبی کوریا کو شکست دینے میں کامیاب ہو سکی تھی اور اسے ٹورنامنٹ میں بھارت نے دو مرتبہ شکست دی تھی جبکہ وہ ملائشیا کو بھی شکست دینے میں کامیاب نہ ہوسکی تھی۔
غور طلب بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کے اس چار قومی ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی ہاکی ٹیم ٹرائلز کے بغیر منتخب کی گئی ہے جس سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کے بارے میں غیرمستقل مزاج کارکردگی ظاہر ہوتی ہے۔
ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد سے ٹیم کی قیادت میں بھی دو بار تبدیلی عمل میں لائی جا چکی ہے جبکہ سینیئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے اور پھر ڈراپ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں