24

ایشز سیریز: انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست، آسٹریلیا کو 0-2 کی برتری حاصل

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں 120 رنز سے شکست دے کر 5 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ایڈیلیڈ کے اوول گراؤنڈ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 354 رنز کا ہدف دیا تو مہمان انگلینڈ کی پوری ٹیم کھیل کے آخری روز 233 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوئے روٹ 67 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ مالان 29، مارک اسٹون مین اور جونی بریسٹو 36،36 جب کہ السٹرل کک 16 رنز بناسکے۔آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے دوسری اننگز میں تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ جوز ہیزلی وڈ اور نیتھن لیون نے 2،2 اور جیمز کمنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شان مارش کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا، مارش نے پہلی اننگز میں 126 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز 442 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلئیر کی تھی جب کہ دوسری اننگز میں کینگروز ٹیم 133 رنز ہی بنا سکی جب کہ انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں 227 اور دوسری میں 233 رنز بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں