پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بارش کی پیش گوئی

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہر دھند کی لپیٹ میں رہے، حد نگاہ کم ہونے سے موٹر وے کئی مقامات پر بند کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے ڈیرے، کڑاکے کی سردی نے لوگوں کے کڑاکے نکال دیئے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج رہا جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند کر دیئے گئے۔ موٹر وے پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر رہا، ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ دھند کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر گاڑیاں سست روی سے چلتی رہیں۔ فیصل آباد، ملتان، نارووال، بہاولنگر، صادق آباد اور دیگر میدانی علاقے
دھند میں کھوئے رہے۔ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی جانے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ پہاڑی علاقوں اور بلوچستان میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا۔ سکردو میں درجہ حرارت منفی 08، کالام منفی07 اور کوئٹہ منفی 06 ریکارڈ کیا ہے۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے پیر اور منگل سے اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں