قطری شہزادہ حماد بن جاسم کی لاہور آمد، نواز شریف سے ملاقات

قطری شہزادہ شیخ حماد بن جاسم بن جابر الثانی 12 رکنی وفد کے ہمراہ لاہور پہنچے جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔
قطری شہزادے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے جہاں سے انہیں سرکاری پروٹوکول میں جاتی امراء لے جایا گیا۔ قطری وفد کا دورہ پاکستان پہلے سے شیڈول تھا اور 12 رکنی وفد میں چند کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔جاتی امراء میں قطری وفد نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور کاروباری معاملات پر بات چیت کی گئی۔
قطری وفد کا پرتکلف ظہرانے کے بعد کراچی جانے کا بھی امکان ہے جہاں وہ چند اہم شخصیات سے ملاقات کے بعد دوبارہ قطر کے لئے روانہ ہوگا۔ قطری شہزادہ حماد بن جاسم کا نام اس وقت ملک میں زبان زد عام ہوا جب پاناما کیس میں شریف خاندان کے وکلاء نے قطری شہزادے کا ایک خط پیش کیا جس میں شریف خاندان اور قطر کی الثانی فیملی کے درمیان لین دین کا ذکر تھا۔
شہزادہ حماد بن جاسم نے 17 جولائی 2017 کو ایک اور خط لکھا جس میں انہوں نے پاکستانی حدود کے باہر بیان ریکارڈ کرانے کی پیشکش دہرائی۔ قطری شہزادے کا کہنا تھا کہ وہ نہ تو کسی تفتیش کا حصہ بنیں گے اور نہ عدالت میں پیش ہوں گے۔
قطرے شہزادے کو اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی جانب سے پاناما کیس میں بھیجے گئے خط کو غیر اہم قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں