پاکستان کے الیکشن میں پری پول دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ، مشتاق منہاس

وزیر اطلاعات ، سیاحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ پاکستان کے الیکشن میں پری پول دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ہے مسلم لیگ ن کے امید واروں کو راتوں رات کیس بنا کر گرفتار کیا جا رہا ہے ، موجودہ دور میں سیاسی قیادت کی کیسیز کے نام پر تذلیل کی گئی ، قمرالسلام کے خلاف کوئی کیس موجود نہیں تھا مگر ن لیگ کا ٹکٹ ملنے کے بعد راتوں رات کیس تیار کر کے گرفتار کیا گیا ، پاکستان کے اندر مسلم لیگ ن کے کارکن باطل کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ، پاکستان کے 25جولائی کو ہونے والا الیکشن آزاد کشمیر کا ایکشن ری پلے ہو گا ، کشمیر کونسل آزاد کشمیر کے اندر متوازی حکومت تھی جسے ایکٹ 74میں ترمیم کر کے ختم کیا ، آزاد کشمیر کی عوام کو 45سال بعد انکے حقوق مسلم لیگ ن نے دیئے ، ہم نے الیکشن جیتنے کے بعد انتقامی سیاست نہیں کی ، الیکشن کے بعد اداروں سے بھتہ خوری ، کمیشن اور رشوت کا خاتمہ کیا ، وسطی باغ کے اندر موجودہ الیکشن میں تمام قبائل نے ملکر ایک قبیلہ بنایا ہے جس کا نام مسلم لیگ ن ہے ، باغ کے اندر پہلے مرحلے میں 12کمپیوٹر لیب دیئے ہیں دوسرے مرحلے میں 14مزید لیب دیں گے جس سے جدید تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی ، جگلڑی ہائیر سکینڈری سکول ترجیحات میں شامل ہے ، نعمانپورہ بیس بگلہ روڈ کے لیے 01کروڑ روپے ، لون ہوتر کے لیے 01کلو میٹر پختہ سڑک جبکہ جن تعلیمی اداروں کی چھت موجود نہیں انہیں چھت مہیا کرنے کا بھی اعلان کرتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جگلڑی میں کمپیوٹر لیب کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات مشتاق منہاس کو کوٹیڑہ کراس سے صدر مسلم لیگ ن جگلڑی راجہ عتیق کی قیادت میں ایک بڑے جلوس نے پنڈال تک پہنچایا جہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں عوام موجود تھے جنہوں نے پر تپاک استقبال کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مشتاق منہاس نے کہا کہ مسلم لیگ ن پر مشکل وقت ہونے کے باوجود حلقے میں جہاں بھی گئے عوام کی بڑی تعداد مسلم لیگ ن میں شامل ہوئی جو اس بات کی غمازی ہے کہ مسلم لیگ ن کی تعمیر و ترقی عوام پسند کرتے ہیں اور مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر مسلم لیگ ن کے خلاف سازشوں کا جال بچھایا جا رہا ہے مگر لیگی قیادت ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے جس پر کشمیری عوام قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں اس اسمبلی کا حصہ ہوں جس نے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا اور کونسل کا خاتمہ کر کے کشمیریوں کو انکے حقوق دلوائے کشمیر کونسل خود کو کسی کے سامنے جوابدہ
نہیں سمجھتی تھی اور غیر ریاستی لوگوں کو کونسل میں مستقل بنیادوں پر ایڈجسٹ کر کے کشمیریوں کے حق پر ڈاکا ڈالا جا رہا تھا ، انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کا قیام کشمیریوں کیساتھ کھلواڑ تھا جسے ہم نے ختم کیا ، انہوں نے کہا کہ سابقہ دورہ حکومت میں لیڈروں نے محکموں کیساتھ ملکر قومی خزانے کو شیر مادر کیطرح لوٹا ہم اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کر رہے ہیں سرکاری اہلکاران ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھیں ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان نے اپنے حلقے میں جو جو وعدے کیے ہیں انہیں بھی پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر ٹیلی میڈیسن اور ای لرننگ شروع کریں گے جس سے عوام کو مزید سہولیات مہیا ہونگی ، انہوں نے کہا کہ ہر گائوں میں دو سے تین بڑے مسائل ہوتے ہیں کارکنان ترجیحات کا تعین کریں ہم مرحلہ وائز مسائل حل کریں گے جن اداروں کے سروں پر چھت موجود نہیں ہے کارکنان نشاندہی کریں ہم فنڈز مہیا کریں گے تا کہ چھت تعمیر ہو سکے ، پسماندہ علاقوں کو ترجیحات میں شامل کر کے ترقیافتہ علاقوں کے برابر لا رہے ہیں کارکنان متحد رہیں پاکستان میں بھی ایک دفعہ پھر مسلم لیگ ن کی حکومت بنے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں