خیبر پختونخوا میں باپ بیٹے الیکشن لڑ رہے ہیں

پشاور… پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور مورثی سیاست کے خاتمے کے نعرے سب لگاتے ہیں لیکن عمل کوئی نہیں کررہا ۔ خیبر پختونخوا میں کئی سیاستدان اپنے بیٹوں سمیت انتخابات میں اتریں گے۔ چارسدہ سے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی قومی اسمبلی جبکہ ان کا بیٹا ایمل ولی صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ عوا می وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاو قومی اسمبلی اور ان کا بیٹا سکندر شیر پاو صوبائی اسمبلی کی نشست پر میدان میں ہے ۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قومی اسمبلی اور ان کا بیٹا اسد محمود صوبائی اسمبلی سے الیکشن لڑیں گے ۔ پشاور سے ارباب عالمگیر قومی اسمبلی اور ان کا بیٹا زرک خان صوبائی اسمبلی جبکہ بنوں سے سابق وفاقی وزیر اکرم درانی قومی اسمبلی اور ان کا بیٹا زاہد اکرم درانی صوبائی اسمبلی سے امیدوار ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں