کراچی میں بھی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا

کراچی: اسلام آباد میں دھرنے کے اختتام کے بعد کراچی میں بھی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
اسلام آباد میں حکومت اور دھرنا قیادت کے درمیان معاہدہ طے پانے کےبعد فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
کراچی میں گزشتہ ہفتے سے نمائش چورنگی پر دھرنا جاری تھا جو اسلام آباد میں آپریشن کے بعد شہر کےمختلف علاقوں میں پھیل گیا تھا جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پیدا ہورہا تھا۔
کراچی میں 14 مقامات پر جاری دھرنوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور دھرنا منتظمین نے شہر کے مختلف علاقوں میں دھرنے کے شرکا کو پر امن طور پر گھروں کو واپس جانے کی ہدایت کردی ہے۔
کراچی میں نمائش چورنگی کے علاوہ ٹاور، سہراب گوٹھ، شاہ فیصل نمبر 2، محمکمہ موسمیات، اورنگی 5، بلدیہ 4، سخی حسن چورنگی، تین ہٹی، لیاقت آباد 10 نمبر،کورنگی ڈھائی، کورنگی پانچ، لانڈھی نمبر 6 اور الاصف اسکوائر پر دھرنے جاری تھے۔
کراچی میں دھرنے ختم ہونے کے اعلان کے بعد سہراب گوٹھ پر دھرنا ختم کردیا گیا ہے جب کہ نمائش چورنگی سمیت دیگر علاقوں میں بھی دھرنے کے شرکا پر امن طور پر منتشر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں