اقوام عالم کو کشمیری بچوں کی طرف بھی توجہ دینا ہو گی ، راجہ فاروق حیدر

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اقوام عالم کو کشمیری بچوں کی طرف بھی توجہ دینا ہو گی جہاں بھارت نے کشمیری بچوں کی قتل و غارت گری شروع کر رکھی ہے۔ لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور بے گناہ بچوں کو بھارت اپنی جارحیت اور بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔پیلٹ گن کے ذریعے سینکڑوں بچوں کی بینائی چھینی گئی ۔یہ وہ بچے ہیںجو پڑھ لکھ کر انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں لیکن بھارت نے ان کی انکھوں میں گولیاں مار کر ان سے ان کے خواب چھین لیے ہیں، دنیا بھارت سے پوچھے کہ ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر میں شہید کئے گئے بچوںکا کیا قصور ہے اور وہ کون سی دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ بھارت نے جبر و طاقت کا وحشیانہ استعمال کر کے کشمیری بچوں سے ان کی امیدین چھین رکھی ہیں ۔ اس وقت کشمیر میں لاکھوں بچے یتیم ہیں۔ جن کے والدین کو بھارتی فوج نے بے گناہ شہید کیا اور ان کشمیری بچوں سے ان کے سر کا سایہ چھین کر ان کے خواب اور امیدیں توڑیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حید ر خان نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے عالمی ادارے ، بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بچوں پر ہونے والے مظالم اور ان کے حقوق پامال کرنے کا نوٹس لیں اور بھارت کو ان غیر انسانی ہتھکنڈوں سے باز رکھیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر سویلین افراد کو جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے ۔ سکول کے بچوںاور سکول کی گاڑیوں پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ بھارت کا معمول ہے۔ گذشتہ برس آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں ایک امدادی سکول کے بچوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا اور اس ایمبولینس کو بھی نہ بخشا جو زخمی اور شہید ہونے والے بچوں کو اٹھانے آئی۔ اسی طرح بھارت نے اپنی افواج کے ذریعے کشمیر میں قتل و غارت گری کو جو بازار گرم کر رکھا ہے اس سے مقبوضہ کشمیر کے بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اس وقت مقبوضہ کشمیر میں یتیم بچوں کی تعدا د لاکھوں میں ہے ان بچوں کے والدین کو بھارتی فوج نے اپنی درندگی کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں شروع کر رکھی ہیں اور بھارتی فوج کشمیر کے اندر جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔ ہندوستان کشمیر کے اندر کشمیری بچوں سے ان کی امیدیں اور خواب بھی چھین رہا ہے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں عالمی اداروں اورتنظیموں پر پابندی عائد کر رکھی ہے بھارت کے اس اقدام کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں اپنے جنگی جرائم کو چھپانا ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک ،مہذب ،معاشرہ بچوں کو نشانہ نہیں بناتا لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کے لیے معصوم بچوں کو بھی اپنی دہشت گردی کا شکار بنانا شروع کر رکھا ہے جس کا اقوام عالم کو نوٹس لینا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں