’نوازشریف مفاد پرست اور جمہوریت کیخلاف سازشوں میں شامل رہے ہیں‘

لاہور: پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ نوازشریف مفاد پرست ہیں اور جمہوریت کے خلاف ہر سازش میں شامل رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف اپنے بیانات کو چھوڑیں قانون کی حکمرانی کو مانیں، گزشتہ 30 سال میں جمہوریت کے خلاف جو بھی سازش ہوئی اس میں میاں صاحب شامل رہے ہیں، جمہوریت کو ان سے خطرہ ہے، ان سے درخواست ہے جو وہ کررہے ہیں نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ سب جماعتیں یک نکاتی ایجنڈے پر راضی ہیں کہ پاکستان میں جمہوری نظام ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں، جمہوریت کے بارے میں پیپلزپارٹی کا اپنا نظریہ ہے لیکن بدقسمتی سے نوازشریف نظریے کےبارے میں کچھ نہیں جانتے، اپنے فائدے کے لیے کسی چیز کو تبدیل کرنا نظریہ نہیں، نواز شریف مفاد پرست رہے ہیں اور اب بھی ہیں۔
پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات سے متعلق سوال پر چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی پارلیمانی پارٹی کو اختیارات دیئے ہیں، (ن) لیگ والے ان سے رابطہ کریں۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کہ اسحاق ڈار اپنا چیک نہیں سائن کرسکتےتو پاکستان کا کیسے کریں گے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں