ایوانکا ٹرمپ 28 نومبر سے بھارت میں عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گی

امریکی حکام نے بھارتی حکام سے درخواست کی ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور وا ئٹ ہاوس کی مشیر ایوانکا ٹرمپ کے متوقع دورے کو انتہائی خفیہ رکھا جائے۔ساتھ ہی امریکی حکام نے بھارتی عہدیداروں کو خبردار بھی کردیا کہ اگر ایوانکا ٹرمپ کے دورے کی معلومات عام کی گئیں، اور ان کی سیکیورٹی کے مسائل ہوئے تو ان کا دورہ ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ ایوانکا ٹرمپ رواں ماہ 28 نومبر سے بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں ہونے والی گلوبل انٹرپرینرشپ سمٹ(جی ای ٹی) میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ کریں گی۔جی ای ٹی کانفرنس حیدرآباد دکن کے انٹرنیشنل کنوینشن سینٹر ( ایچ آئی سی سی)میں ہوگی، جس میں کم سے کم 1200 افراد شرکت کریں گے۔ایوانکا ٹرمپ امریکی وفد کی سربراہی کریں گی، جب کہ وہ کانفرنس میں خواتین کی خودمختاری، ان کی کاروبار میں اہمیت سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو بھی کریں گی۔رواں برس ہونے والی جی ای ٹی کانفرنس کی تھیم سب سے پہلے خواتین، خوشحالی سب کے لیے رکھی گئی ہے، تھیم کو نظر میں رکھتے ہوئے کانفرنس میں کاروبار، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں خواتین کی اہمیت و حیثیت پر بات کی جائے گی۔ممکنہ طور پر ایوانکا ٹرمپ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پرتعیش عشائیے میں بھی شرکت کریں گی، جب کہ پہلے یہ خبریں بھی تھیں کہ وہ حیدرآباد دکن میں ہی ہونے والے موسیقار اے آر رحمن کے میوزک کنسرٹ میں بھی شرکت کریں گی، تاہم اب یہ ممکن نظر نہیں آ رہا۔ میڈیا رٹ کے مطابق ریاست تلنگانہ کے سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کامرس جیئش رنجن نے بتایا کہ امریکی حکام نے ان سے درخواست کی ہے کہ ایوانکا ٹرمپ کے دورے کی معلومات نہایت خفیہ رکھی جائیں۔جیئش رنجن نے بتایا کہ امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر ایوانکا ٹرمپ کے دورے کی معلومات عام ہونے کی وجہ سے انہیں بھارت میں نقل و حرکت کرنے میں تھوڑا سا بھی خطرہ محسوس ہوا تو ان کا دورہ منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ یہ نہیں جانتے کہ ایوانکا ٹرمپ بھارت کس دن اور کس وقت آئیں گی۔سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کامرس نے واضح کیا کہ جب ریاستی حکومت نے امریکی حکام سے رابطہ کیا کہ ایوانکا کس وقت ایئرپورٹ آئے گی اور اسے خوش آمدید کہنے کے لیے کب جایا جائے تو امریکی عہدیداروں نے اس حوالے سے کلیئر بتانے سے گریز کیا۔ان کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ انہیں ایوانکا ٹرمپ کے دورے سے متعلق زیادہ معلومات بتانے کی ضرورت نہیں۔تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ جی ای ٹی کی افتتاحی تقریب میں موجود ہوں گی، جس میں بھارتی وزیر اعظم سمیت ریاستی وزیر اعلی اور دیگر اعلی عہدیدار بھی شامل ہوں گے۔دوسری جانب فلم پدماوتی پر جاری مظاہروں اور خود کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد اداکارہ دپیکا پڈوکون نے جی ای ٹی کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی ٹی وی این ڈی ٹی وی کے مطابق دپیکا پڈوکون کو بھی اس عالمی کانفرنس میں شرکت کرکے ہولی وڈ ٹو نولی وڈ ٹو بولی وڈ کے موضوع پر بات کرنی تھی۔تاہم دھمکیاں ملنے اور سیکیورٹی وجوہات کے بعد دپیکا پڈوکون نے کانفرنس میں شامل ہونے سے معزرت کرلی۔خیال رہے کہ ہندو انتہاپسندوں نے ان کی فلم پدماوتی کے خلاف جہاں ہندوستان بھر میں مظاہرے کر رکھے ہیں، وہیں اداکارہ کو بھی ناک کاٹنے کی دھمکی دی تھی۔انتہاپسندوں کے احتجاج کے بعد فلم کی نمائش مخر کردی گئی، فلم کو یکم دسمبر کو ریلیز کیا جانا تھا، جب کہ فلم کی ٹیم اور کاسٹ نے بھی اپنی سرگرمیاں محدود کردی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں