یہ شہادتیں ہماری جدوجہدِ آزادی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں علی گیلانی

کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے ترال معرکے میں شہید ہوئے عسکریت پسندعادل چوپان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرفروش ہمارے ”کل” کے لیے اپنے ”آج” کو قربان کررہے ہیں۔ ہم ان کی جرأت اور جذبۂ آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے اللہ تبارک وتعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ وہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرکے اپنے انعامات اور اعزازات سے نوازے۔ گیلانی نے مہلوکین کے لوحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی پسند قیادت اور پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا مانگتی ہے کہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے اور نعیم البدل سے نواز دے۔ گیلانی نے کہا کہ یہ شہادتیں ہماری جدوجہدِ آزادی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں اور یہ ہماری تاریخ کے وہ درخشندہ ستارے ہیں، جو رہتی دنیا تک تاریخ کے صفحات میں محفوظ رہیں گے۔ اس دوران گیلانی صاحب کی ہدایت پر تحریک حریت ذمہ داران بشیر احمد قریشی اور عمر عادل ڈار ترال گئے جہاں انہوں نے تعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوام تک گیلانی صاحب کا پیغام پہنچایا۔جبکہ شہید کی نمازِ جنازہ بشیر احمد قریشی نے پڑھائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں