چیف جسٹس نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کردیا

کراچی: چیف جسٹس ثاقب نثار ماڑی پور میں گریٹر کراچی سیوریج پلان ایس تھری منصوبے کا افتتاح کردیا۔افتتاح کے موقع پر سربراہ واٹر کمیشن جسٹس (ر) امیرہانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جب کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ لوگوں کے حق کے لیے بڑھ چڑھ کر آگے ہوگی اور لوگوں کو بنیادی حقوق پہنچانے کے لیے سپریم کورٹ ہر اقدام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سمندروں کو ہم آلودہ کررہے تھے، اس کو روکنے میں مدد ملے گی جس انداز میں ہانی صاحب اور واٹر کمیشن نے کام کیا وہ قابل ستائش ہے اور انہوں نے قوم کو مایوس نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پانی کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں ہے اور ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو زندگی دینی ہے جس کے لیے سب سے اہم چیز پانی ہے، ہمیں اپنے لوگوں کے لیے یہ پانی بچانا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ تمام چیزوں میں کوئی ذاتی مفاد نہیں، ہمیں آئندہ نسلوں کو بہتر پاکستان دے کر جانا چاہیے جب کہ دو دن بعدالیکشن ہیں،کچھ ایسانہیں کہوں گا جس سےکسی کی دل آزاری ہو۔ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ پہلے کراچی جیسا تھا اب اس میں تبدیلی آئی ہے کیوں کہ جس راستے سے گزرا وہ صاف نظر آرہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں