شہداء کی قربانیوں کیساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے:گیلانی

چیرمین حریت کی سماجی برائیوں کا قلع قمع کرنے کی عوام سے اپیل
سرینگر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین ‘گ’ سید علی گیلانی نے شہدائے ترال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کے غیور نوجوان اپنی اْٹھتی جوانیوں اور گرم گرم لہو سے تحریکِ حقِ خودارادیت اور آزادی برائے اسلام کا عنوان رقم کرنے میں کوئی پس وپیش نہیں کررہے ہیں۔ پنجورہ ترال کے شہید عادل احمد لون اور ان کے دیگر ساتھیوں کو خراج عقیدت ادا کرنے کے حوالے سے یہاں بلائے گئے ایک عوامی اجتماع سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں حریت راہنما نے بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کئے جانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت میں رائیگان ہونے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی ان عظیم قربانیوں کے ساتھ کسی کو غداری کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ حریت راہنما نے بعض تحریک دشمن عناصر کی طرف سے تحریک آزادی کا معاوضہ صرف اور صرف حقیر مفادات ومراعات قرار دینے کو سختی کے ساتھ رد کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت ہماری سڑکوں اور گلی کوچوں میں تارکول کے بجائے سونا ہی سونا بچھائے تب بھی ہم اپنی مقدس جدوجہدِ آزادی سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔ حریت راہنما نے اپنی مظلوم قوم سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لخت ہائے جگر کے مقدس لہو کی تحریم وتکریم کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے مراعات اور مفادات کے عوض بیچ کھانے کی ناپاک کوششوں کو ناکام ونامراد بنانے میں کوئی بھی فروگذاشت نہ کریں، کیونکہ شہداء کا لہو حرم پاک کے عزت وتکریم سے بھی بڑھ کر ہے۔ حریت راہنما نے جملہ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریکِ آزادی کا قرض ہم سب پر یکساں ہے اور اس کے تمام تر لوازمات کو پورا کرنا ہم سب کی ملی ذمہ داری ہے۔ حریت راہنما نے سماجی برائیوں کا قلع قمع کرنے کے لیے قوم سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے اندر اسلامی مزاج کو پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اپنی نئی نسل کو بے راہ روی، بے حیائی، شراب اور دیگر منشیات سے باز رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اطلاعات مل رہی ہیں کہ ہمارے نوجوانوں کے علاوہ جوان بیٹیوں کو فوجی کیمپوں میں بْلایا جاتا ہے، یہ گھناو نی حرکت ہے جس سے پرہیز کرنا فرضِ عین ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں