جیل میں نوازشریف کو مریم سے بھی ملنے نہیں دیا جارہا: پرویز رشید

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ جیل میں نوازشریف کو مریم سے بھی ملنے نہیں دیا جارہا اور سزا میں کہیں نہیں لکھا گیا کہ نواز شریف کو قید تنہائی میں رکھا جائے گا۔ سابق وزیراعظم سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا عزم اسی طرح مضبوط ہے جیسے گرفتاری سے پہلے تھا، 25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر عمران خان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا عوام کا حق ہے۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مریم نواز نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ایک جیل میں ہونے کے باوجود ان کی والد سے آج پہلی ملاقات کرائی گئی، اس بات پر دکھ اور تکلیف ہے کہ بیٹی کو باپ سے ملنے نہیں دیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ ہر قیدی کو حق ہوتا ہے کہ دن میں جیل کے اندر آزادانہ نقل و حرکت کرسکے، سزا میں کہیں نہیں لکھا گیا کہ نواز شریف کو قید تنہائی میں رکھا جائے گا۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جو سہولت عمران خان کو دی گئی وہ پاکستان کے تین بار منتخب وزیراعظم سے کیوں چھینی گئی،ایک مقدمہ چار بار چلتا ہے اور چار سزائیں سنائی جاتی ہیں، دوسری جانب کچھ مقدمات سالوں چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے فیصلے خود لکھتے ہیں کہ فلاں تاریخ کو عدالت آؤں گا اور فلاں کو نہیں آسکتا، یہ ناانصافی اس لیے ہے کہ نواز شریف کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو اور یہ مطالبہ کرنا کیوں جرم بنا دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں