پاکستان مخالف مہم پر لندن ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی معافی،قوانین کی سنگین غلطی قرار

لندن میں فری بلوچستان آرگنائزیشن کی جانب سے پاکستان مخالف اشتہاری مہم ختم کیا جانے کا عزم
پاکستان مخالف مہم پر برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے معافی مانگ لی۔لندن ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بسوں اور ٹیکسیوں پر پاکستان مخالف اشتہارات پر باقاعدہ معافی مانگتے ہوئے اسے قوانین کی سنگین غلطی قراردیا ہے۔ٹرانسپورٹ فار لندن کی جانب سے جاری بیان میں سنگین غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا کہ لندن میں فری بلوچستان آرگنائزیشن کی جانب سے پاکستان مخالف اشتہاری مہم کو فوری طور پر ختم کیا جائیگا، پاکستان مخالف مہم ہمارے ادارے کی اشتہاری پالیسی کا حصہ نہیں ہے جس کو ہٹانے کے احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔ اس سے قبل لندن کی ٹیکسیوں پر بھی بلوچستان کی علیحدگی سے متعلق اشتہار لگائے گئے تھے تاہم بعدازاں انہیں فوری طور پر ہٹادیا گیا تھا۔ٹی ایف ایل کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے اس حوالے سے پہلا خط 2 نومبر کو بھیجا گیا اور اس وقت لندن کی سڑکوں پر بلیک کیبس پر پاکستان مخالف اشتہاری مہم چل رہی تھی۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے دوسرا خط 7 نومبر کو اس وقت لکھا گیا جب یہ مہم لندن کی بسوں پر بھی شروع ہوئی۔اپنے بیان میں ٹی ایف ایل کا کہنا ہے کہ لندن میں بسوں پر پاکستان مخالف اشتہارات کے حوالے سے ہونے والی اندرونی تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہماری جانب سے اشتہاری قوانین کی غلطی سرزد ہوئی اور پاکستان کا موقف درست ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں