انڈر19ایشیا کرکٹ کپ: ڈک ورتھ لوئس میتھڈ نے پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا

کوالا لمپور:ا یشین کرکٹ کونسل کے انڈر 19 ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 2 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈکے تحت کیا گیا۔بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 274 رنز بنائے۔پاکستانی ٹیم نے 5 وکٹوںپر 39 اوورز میں 199 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔ اس وقت پاکستان کو کامیابی کے لئے 66گیندوں پر76رنز درکار تھے ۔ موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کھیل دوبارہ شروع ہو نے کا کوئی امکان نہیں تھا جس پر ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جمع تفریق کے بعد پاکستانی ٹیم کو2رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔ پاکستانی کپتان حسن خان نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو کھیلنے کی دعوت دی۔ اوپنر پناک گھوش 82 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سیف حسن نے 61 رنز بنائے اور عفیف حسین 52 اور نعیم حسن22 کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ پاکستانی بولرمنیر ریاض نے 3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی، حسن خان اورمحمد سلمان نے ایک´ ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا اور 8رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد 51پر3 کھلاڑی آوٹ ہو گئے تھے تاہم اس مرحلے پر محمد طہٰ اور روحیل نذیر نے 69رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سہارا دیا ۔26رنز پر روحیل کے آوٹ ہو نے کے بعد طہٰ اور سعد خان کے درمیان 77رنز کی ایک اور اچھی شراکت ہوئی تاہم طہٰ صرف8رنز کی کمی سے سنچری سے محروم رہے انہیں 92رنز پرقاضی نے آوٹ کر دیا ۔ سعد خان 35اور حسن خان با لترتیب35اور ایک رن پر کھیل رہے تھے کہ بارش کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس وقت مجموعی اسکور 199رنز تھا اورپاکستان کی5وکٹیں گر چکی تھیں جبکہ اسے مزید 76 رنز کی ضرورت تھی اور66 گیندیں باقی تھیں۔ موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈک ورتھ لوئس میتھ کے تحت پاکستانی ٹیم کو2رنز سے کامیاب قرار دیا گیا اور فائنل میں پہنچنے کا موقع بھی مل گیا ۔بنگلہ دیش کی جانب سے قاضی اونک نے2اور عفیف اور شوکت حسین نے ایک ایک وکٹ لی۔محمد طہٰ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں