نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کی پاکستان عوامی تحریک کی درخواست مسترد کردی۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے ناقابل سماعت قرار دے دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں درخواست گزار کو پہلے متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کی جانب سے 14 مئی کو لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے اس لیے اُن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔سابق وزیراعظم کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی تھی جسے عدالت نے قابل سماعت قرار دے کر ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی اے سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں