محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ آج ہوگا

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راونڈر محمد حفیظ بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کےلئے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے انگلینڈ جانے والے آل راونڈر محمد حفیظ آج اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیں گے۔ یاد رہے کہ محمد حفیظ پر غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے بولنگ پر پابندی ہے۔ گزشتہ سال ان کے ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائرزنے ان کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار دیا تھا۔محمد حفیظ بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ پاس کرنے کے لئے پرامید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ایکشن کلیئر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ محمد حفیظ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 50 ٹیسٹ میچز میں 52، 200 ایک روزہ میچز میں 136 اور 81 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 49 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ یہ ٹیسٹ ان کے کیریئر کے لئے بھی اہمیت رکھتا ہے اور اگر وہ بولنگ کے قابل نہ ہو سکے تو قومی ٹیم میں ان کی واپسی بھی مشکل ہو جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں