ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کے وکیل کی بھی واجد ضیاء پر جرح مکمل

اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر جرح مکمل کرلی جس کے بعد عدالت نے 23 اپریل کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت مقرر کردی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی، اس موقع پر نامزد تینوں ملزمان سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر پیش ہوئے۔مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل امجد پرویز نے آج مسلسل پانچویں روز نیب کے گواہ واجد ضیاء پر جرح کی جس کے دوران ان کے سوالات پر جے آئی ٹی سربراہ جوابات دیتے رہے۔ مریم نواز کے وکیل کی جرح مکمل ہوئی تو ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ تین ایم ایل ایز کو عدالتی ریکارڈ پر بطور شواہد پیش کرنے کی اجازت دی جائے جس کی وکیل امجد پرویز کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی۔ امجد پرویز نے کہا کہ یہ ایم ایل اے پہلے ریکارڈ کا حصہ نہیں بنائے گئے جس پر عدالت نے نیب کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے مریم نواز کے وکیل کی جرح مکمل ہونے پر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 23 اپریل کو مقرر کرتے ہوئے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کو طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.