کِم جونگ ان کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات منسوخ کرنے کی دھمکی

امریکا نے یکطرفہ طور پر جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے پر مجبور کیا توامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو منسوخ کر دیں گے
شمالی کوریانے خبر دار کیا ہے کہ اگر امریکا نے یکطرفہ طور پر پیانگ یانگ کو جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے پر مجبور کیا تو آئندہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو منسوخ کردیا جائے گا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں میکس تھنڈر کی وجہ سے 16 مئی کو سیول کے ساتھ اعلی سطحی بات چیت کے دور کو منسوخ کردیا تھا۔شمالی کوریا نے میکس تھنڈر کو بدعنوانی پر مشتمل اشتعال انگیز فوجی مشقیں قرار دیا تھا۔پیانگ یانگ کی جانب سے کہا گیا کہ اگر امریکا نے یکطرفہ طور پر ایٹمی ہتھیاروں کو ختم کرنے کے لیے مجبور کیا تو شمالی کوریا کسی بھی طرح کی بات چیت کے لیے تیار نہیں ہوگا۔شمالی کوریا کے حکام نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ سنگا پور میں امریکا کے ساتھ ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنے کے حوالے سے پیانگ یانگ نظر ثانی کر سکتا ہے۔ادھر واشنگٹن کا کہنا ہے کہ وہ اس اجلاس کے لیے مثبت ہیں، اور یہ 12 جون کو ہی سنگاپور میں منعقد ہوگا، تاہم امریکا کے اسٹیٹ دپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں شمالی کوریا کی جانب سے کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔انہوں نے شمالی کوریا کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا اور امریکی افواج کی جنگی مشقیں اشتعال انگیز نہیں ہیں۔خیال رہے کہ آئندہ ماہ جون میں امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان تاریخی ملاقات متوقع ہے، جس میں امکان ہے کہ پیانگ یانگ کے جوہری ہتھیار ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.