پاکستان کی تاریخی فتح، آئرلینڈ نے ریکارڈ برقرار رکھا

ڈبلن: پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ میچ میں آئرلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ڈبلن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں پاکستان کو جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف ملا جو امام الحق کے 74 رنز اور بابر اعظم کے 59 رنز کی اننگز سے پورا کر لیا گیا۔ اظہر علی اور امام الحق دوسری اننگز کا آغاز کرنے آئے تاہم اظہر علی ایک بار پھر آوٹ آف فارم دکھائی دئیے اور پہلے ہی اوور میں 2 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لئے آئے لیکن وہ بھی 7 رنز بنا سکے۔ پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اسدشفیق بدقسمتی سے ایک رنز بناسکے۔پہلی اننگز میں جلدآوٹ ہونے والے امام الحق اور بابراعظم نے دوسری اننگز میں آئرلینڈ کے بولرز کا سامنا کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ دونوں نے تحمل مزاجی سے کھیلتے ہوئے پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا تاہم بابر اعظم اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور 59 پر آوٹ ہوگئے۔ کپتان سرفراز احمد خود بیٹنگ کے لئے آئے تو پاکستان کو جیت کیلئے20 رنز درکار تھے مگر وہ 8 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ شاداب خان نے امام الحق کا ساتھ دیا اور 5 وکٹوں سے شاندار فتح حاصل کر لی۔ امام الحق نے 74 رنز کی شاندارناٹ آوٹ اننگز کھیل کر ناقدین کا منہ بند کرنے کی کوشش کی۔قبل ازیںپاکستان کے 310رنز کے جواب میں آئر لینڈ نے پہلی اننگز 130پرسمیٹ لینے اور فالو آن ہونے کے بعد دوسری اننگز میں قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور 339 رنز بناکرپاکستان کو فتح کیلئے 160 رنز کا ہدف دیا۔ محمد عباس نے 5، محمد عامر نے 3 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ پانچویں دن بارش کی پیشگوئی تھی لیکن بادل پاکستان کی جیت میں رکاوٹ نہ بنے۔آج آئر لینڈ نے 7 وکٹ پر 319 رنز سے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو کیون اوبرائن گزشتہ روز کے اسکور 118 پر ہی آوٹ ہوگئے انہیں محمد عباس نے واپس بھیجا،کیون اوبرائن نے پہلی اننگز میں بھی 40رنز بنائے تھے ، انہیں شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ آخری روز دوسری وکٹ بوائڈ رینکن کی گری انہیں محمد عباس نے ہی بولڈ کیا۔ آخری وکٹ ٹائرون کین کی گری انہوں نے وکٹ پر زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کی اور 96 گیندیں کھیل کر صرف 14 رنز بنائے اور محمد عباس کا شکار ہوئے۔واضح رہے کہ1877ءکے بعد سے کرکٹ کی دنیا میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی کوئی ٹیم جیت نہیں سکی اور یہ ریکارڈ آئرلینڈ کی ٹیم نے بھی برقرار رکھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.