سامنے والے شخص کا دماغ پڑھنا سیکھیں

سامنے والے شخص کے دماغ میں کیا چل رہا ہے اور وہ کیا چاہتا ہے؟ یہ جاننے کے لیے باڈی لینگویج یا جسمانی زبان کو سمجھنا بہترین طریقہ ہے۔ ہم میں سے کون نہیں چاہے گا کہ وہ دوسرے لوگوں کے ذہن پڑھ سکے؟ دلچسپ بات یہ ہے کہ آپ کی جسمانی حرکات و سکنات آپ کی سوچ، خیال اور ارادوں کے بارے میں بہت کچھ کہتی ہیں۔ اتنا کچھ جتنا، آپ بیان بھی نہیں کرنا چاہتے۔امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس کی تحقیق ظاہر کرتی ہے کہ انسانوں کے درمیان رابطے میں الفاظ کا کردار صرف 7 فیصد ہوتا ہے۔ باقی میں سے 38 فیصد آواز کے لہجے اور پورے 55 فیصد جسمانی زبان یعنی باڈی لینگویج سے ہوتا ہے۔اب خود ہی اندازہ لگالیجیے کہ جسمانی حرکات و سکنات کو سمجھ کر آپ کسی بھی شخص کے بارے میں کتنا کچھ جان سکتے ہیں۔ اس لیے چاہے آپ دفتر کی کسی میٹنگ میں ہوں، کاروبار کے حوالے سے کسی سے مل رہے ہوں یا کسی خاص فرد سے پہلی ملاقات کر رہے ہوں یا پھر بچوں کے ساتھ ہی کیوں نہ ہوں، ان پہلوؤں پر ضرور غور کریں. ہاتھوں اور ٹانگوں پر نظر رکھیں ہاتھ باندھ لینا یا ٹانگ پر ٹانگ جمالینا ظاہر کرتا ہے کہ دوسرا فرد آپ کی رائے سے متفق نہیں۔ چاہے، وہ مسکرا ہی کیوں نہ رہا ہو اور گفتگو بھی بڑے اچھے ماحول میں چل رہی ہو، لیکن جسمانی زبان کچھ اور ظاہر کرتی ہے۔جیرارڈ نیرنبرگ اور ہنری کالیرو نے باڈی لینگویج کے حوالے سے اپنی کتاب کے لیے 2 ہزار سے زیادہ گفتگوؤں کی ویڈیو بنائی اور پایا کہ ان تمام ملاقاتوں کا نتیجہ عدم اتفاق پر نکلا، جس میں فریقین ٹانگ پر ٹانگ جماکر بات کررہے تھے۔ نفسیاتی طور پر دیکھا جائے ،تو ہاتھ باندھ لینا یا ٹانگ پر ٹانگ جمالینا ظاہر کرتا ہے کہ ایک شخص ذہنی، جذباتی اور جسمانی طور پر اس چیز سے خود کو روکے ہوئے ہے، جو اس کے سامنے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.