مودی کی کشمیر آمد کے خلاف 19 مئی کو عوام لال چوک کی طرف احتجاجی مارچ کریں گے

سید علی گیلانی، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک احتجاجی مارچ کی قیادت کریں گے
مشترکہ قیادت نے آئندہ کے ٹھوس لائحہ عمل کی تیار ی کے لیے ایک چھ رُکنی کمیٹی تشکیل دے دی
سید علی گیلانی، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک کا سری نگر میں مشاورت کے بعد اعلان
مولوی محمد فارق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی مناسبت سے 21مئی کو مکمل ہڑتال کی اپیل
سری نگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کشمیر آمد کے خلاف 19 مئی (بروز ہفتہ)کشمیری عوام سید علی گیلانی، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک کی قیادت میںسری نگر کے لال چوک کی طرف احتجاجی مارچ کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ آزادی پسند قیادت سید علی گیلانی، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے 19 مئی کے احتجاجی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے ۔مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ آزادی پسند قیادت سید علی گیلانی، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے حیدرپورہ میں منعقدہ ایک غیر معمولی نشست میں ریاست جموں کشمیر کی خون آشام سیاسی صورتحال پر تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے حریت پسند عوام کے نام ایک دردمندانہ اپیل میں 19مئی بروز سنیچر ریاست کے تاریخی لالچوک کی طرف پیش قدمی کرکے اس روز بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ ریاست کے خلاف اپنا پُرامن احتجاج درج کریں۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے احتجاجی مظاہرہ کرنے کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس روز چونکہ بھارت کا وزیر اعظم ریاست کا دورہ کرکے بیرونی دنیا کے ساتھ ساتھ بھارت کے عوام کو بھی یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کریں گے کہ ریاست جموں کشمیر کے لوگ بھارت کے ساتھ خوشی خوشی اپنی زندگی گزاررہے ہیں، جبکہ زمینی صورتحال جہنم زار بنی ہوئی ہے۔ بھارت کی قابض افواج نے پوری ریاست بالخصوص ضلع شوپیان، اسلام آباد، کولگام اور پلوامہ کے مضافاتی علاقہ جات کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے۔ مجاہدین کے خلاف خانہ تلاشیوں کی آڑ میں عام لوگوں پر بندوق کے دہانے کھول کر خونین جنگی کارروائیوں میں آئے روز شدت لائی جارہی ہے۔ عام لوگوں کو خوف وہراس میں مبتلا کیا جارہا ہے، یہاں تک کہ حریت پسند سیاسی راہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف جنازوں میں شرکت کرنے کی پاداش میں بدنامِ زمانہ پبلک سیفٹی ایکٹ کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے انہیں اپنے گھروں سے دور جیل خانوں میں مقید کیا جاتا ہے۔ مشترکہ قیادت نے بھارت کے قابض افواج اور انتظامیہ کے ہاتھوں حریت پسند عوام کے خلاف قتل وغارت گری کا بازار گرم کرنے، جیلوں میں مقید نظربندوں پر جسمانی تشدد ڈھانے، اظہارِ آزادیٔ رائے پر مکمل پابندی عاید کرنے اور جملہ انسانی حقوق کو پامال کئے جانے کی سامراجی اور نوآبادیاتی کارروائیوں کے خلاف 19مئی کو لالچوک میں دن بھر پُرامن احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنے کے لیے ریاست کے اطراف واکناف سے عام لوگوں کو تشریف لانے کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اس روز اقوامِ عالم کے سامنے اپنے جائز مطالبۂ آزادی کو فلک شگاف نعروں کی گونج میں ایک بار پھر پیش کیا جائے گا جس کے لیے پچھلے 70برسوں سے بے مثال قربانیاں دی گئی ہیں۔ مشترکہ قیادت نے اس روز تمام کاروباری ادارے اور دفاتر کو مکمل طور بند رکھنے کی اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ لالچوک کا رُخ کرنے کے دوران نوجوان رضاکارانہ خدمات انجام دیکر نظم وضبط کو ہر حال میں بنائے رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے اجلاس میں تحریک حقِ خودارادیت کے حوالے سے آئندہ ایک ٹھوس لائحہ عمل تیار کئے جانے کے لیے ایک چھ رُکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو آنے والے ایام میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار اداروں بشمول مرکزی وضلع سطح کی ٹریڈرس فیڈریشن، بار ایس سیشن، سول سوسائٹی، ایمپلائز یونین، ٹرانسپورٹ یونین، سٹوڈنٹس یونین، دانشور، صحافی، قلمکار حضرات کے علاوہ جملہ مذہبی انجمنوں کے سربراہوں اور سرکردہ اوقاف اداروں سے جامع اور وسیع البنیاد مشاورت کے بعد مزاحمتی قیادت کے سامنے اپنی تجاویز پیش کرے گی جس کے بعد آئندہ لائحہ عمل کو قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ مزاحمتی قیادت نے اُمید ظاہر کی کہ حریت پسند عوام پوری یکسوئی، نظم وضبط اور بے مثال صبرواستقلال کا دامن تھامے ہوئے بھارت کی آمرانہ اور سامراجی سازشوں کو خاک میں ملاکر تحریک حقِ خودارادیت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ ان شاء اللہ۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ آزادی پسند قیادت سید علی گیلانی، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے شہید ملّت مولوی محمد فارق، شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کے ایام شہادت کی مناسبت سے مورخہ 21مئی کو مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے، جبکہ اس روز جملہ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے عیدگاہ سرینگر میں ایک عظیم عوامی جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ریاست کے حریت پسند عوام سے اس اجتماع میں جوق درجوق شرکت فرمانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس روز مشترکہ مزاحمتی قائدین شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت ادا کرنے کے علاوہ رواں جدوجہدِ آزادی کو اپنے منطقی انجام تک لے جانے کے عہد کا اعادہ کریں گے۔ ان شاء اللہ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں