نواز شریف کو دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا،وزیر آعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر۔

اسلام آباد( کشمیر لنک نیوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں عوام نے بتا دیا ہے کہ پوری قوم قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہے۔ اس الیکشن نے آمدہ عام انتخابت کا نقشہ واضح کر دیا ہے۔ 2018کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں دوسری مرتبہ بھی دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔قائد پاکستان کو وزارت عظمیٰ سے تو نکال دیا گیا ہے لیکن قوم کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکا اور نہ کوئی نکال سکے گا۔ پاکستان کے باشعور عوام سمجھتے ہیں کہ اس ملک کی تقدیر کون بدل سکتا ہے اور کون ان کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کر سکتا ہے۔ لودھراں کے عوام نے ضمنی الیکشن میں جو فیصلہ دیا ہے یہ پوری قوم کے فیصلے کا عکاس ہے ۔ پاکستان کے عوام آمدہ عام انتخابات میں جھوٹ ،گالی اور الزام تراشی کی سیاست کرنے والوں کو عبرت ناک انجام سے دوچار کریں گے۔ مختلف وفود سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ کون سا لیڈر ان کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے سکتا ہے ، لودھراں کے عوام نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو کامیاب بنا کر ثابت کیا ہے کہ وہ انتشار اور افراتفری کی سیاست کے بجائے ترقی اور خوشحالی کی سیاست کو ترجیح دیتے ہیں ۔مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دینے پر قوم کو جاہل اور بے وقوف کے خطاب دینے والے 2018کے انتخاب میں عوام کے انتقام سے بچ نہیں سکیں گے قوم ان کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے مسترد کر دے گی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اس وقت پاکستان کی بھاگ دوڑ سنبھالی جب ملک کی معاشی اور اقتصادی صورت حال انتہائی ابتر تھی۔ 4سال کے مختصر عرصہ میں میاں محمد نواز شریف نے دن رات محنت کر کے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر کے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا۔ تیزی سے ترقی کرتے پاکستان سے کچھ نادان لوگ خوفزدہ تھے جو اس ترقی کو اپنی سیاست کے لیے خطرہ سمجھتے تھے انھوں نے سازش رچائی اور ملک کو سیاسی عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی مگر انھیں ناکامی ہوئی۔ نواز شریف کو اپنے ویژن پر عمل درآمد سے روکنے کے لیے دھرنا سیاست کو جنم دیا گیا لیکن انھوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھا۔ قوم سمجھتی ہے کہ نواز شریف ہی وہ واحد سیاستدان ہیں جو اس ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں