پانی کی فراہمی کا معاملہ: مافیا کی باتیں سب کرتے ہیں مگر نام کوئی نہیں لے رہا، چیف جسٹس

کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پانی کی فراہمی کے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ مافیا کی باتیں سب کرتے ہیں مگر نام کوئی نہیں لے رہا تاہم یہ بھول جائیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوگا۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ چھٹی کے روز بھی ڈبہ پیک دودھ کی فروخت کے از خود نوٹس سمیت ماحولیاتی آلودگی، پانی کی فراہمی اور کثیرالمنزلہ عمارتوں سے متعلق مقدمات کی سماعت کر رہا ہے۔چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو ، ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر وکلا سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں موجود ہیں جب کہ عدالت کے طلب کیے جانے پر میئر کراچی وسیم اختر بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے کہا کہ تمام حکام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ چھٹی کے دن یہاں آئے، عوامی مفاد کا معاملہ ہے، سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں