پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کا سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی اور وائس چیئرمین سلیم مانڈوی والا کو منتخب ہونے پربھرپور جشن

اسلام آباد (کشمیرلنک نیوز) 13-03-2018
پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی اور وائس چیئرمین سلیم مانڈوی والا کو منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ اور اُن کی کامیابی پر گلشن علی پہڑا ہائوس میں بھرپور جشن منایا گیا۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ ذوالفقار علی کی رہائش پر نومنتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین سینٹ کی کامیابی پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر، سابق صدر آزاد کشمیر و ممبر سی ای سی پی پی پی سردار محمد یعقوب خان، سابق سینئر مشیر حکومت چوہدری محمد ریاض، سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف، سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور، پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل کونسلر اظہر اقبال بڑالوی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل جاوید اقبال بڈھانوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار گل نواز خالق ایڈووکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شاہین کوثر ڈار، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رضوان قریشی، ممبر اوررسیز کمیٹی حافظ طارق، سابق صدارتی مشیر عنایت اللہ عارف اوردیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ سینیٹ میں کامیابی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے چیئرمین آصف علی زرداری کے ویژن کا نتیجہ ہے جبکہ حکمران جماعت اور اس کے اتحادیوں کے لئے بڑا دھچکا ہے۔ انہوں نے سینیٹ کے نتائج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2018ء کے عام انتخابات میں دوتہائی اکثریت حاصل کرے گی جس کی بنیاد سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی نے رکھ دی ہے۔ اس موقع پر سابق صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے۔ بلوچستان سے سینیٹ چیئرمین کا منتخب ہونا درحقیقت پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔ ایوان بالا میں چھوٹے صوبوں کے امیدواروں کی کامیابی وفاق کو مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی کامیاب سیاسی حکمت عملی کے باعث جمہوری نظام آگے بڑھا ہے اور ایوان بالا کے نتائج سے پارلیمنٹ کی بالادستی کو تقویت ملے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل اظہر اقبال بڑالوی نے سینیٹ کے نومنتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین کو پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کی جانب سے مبارک باد دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جن کی کوششوں اور سیاسی سوچ کی بدولت آج ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کو ایک نئی جان پڑی ہے۔ پاکستان اور بیرون ملک پیپلز پارٹی کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی سینیٹ کے نتائج کی طرح بڑا اپ سیٹ کر کے چاروں صوبوں اور وفاق کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں بھی حکومت بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.