پی ٹی وی حملہ کیس′ پرویزخٹک، طاہرالقادری اور جہانگیر ترین بدستور مفرور قرار

عارف علوی، اسد عمر اور اعجاز چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے، عمران خان نے استثنیٰ حاصل کر رکھا تھا
عدالت نے شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود کی ایک روز حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی، اعجاز چوہدری کی ضمانت بھی منظور
ملزمان کے اسٹیٹس سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی جائے ،بتایا جائے کتنے ملزمان کی ضمانت ہوئی، کتنے نے استثنی حاصل کیا اور کون مفرور ہے،عدالت
انسداد دہشت گردی عدالت نے ایس ایس پی تشدد کیس میں ملزم عمران خان کی ایک روز حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی
چیئرمین تحریک انصاف کی بریت کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی جس پر 27مارچ کو دلائل دئیے جائیں گے
انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک، ڈاکٹر طاہر القادری اور جہانگیر ترین کو بدستور مفرور قرار دیا ہے۔منگل کوانسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے سے متعلق کیسز کی سماعت کی، اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی، اسد عمر اور اعجاز چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ج کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیشی کے لئے استثنیٰ حاصل کر رکھا تھا۔سماعت کے دوران عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان ڈاکٹر طاہرالقادری، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کو بدستور مفرور قرار دے دیا اور حکم دیا کہ ملزمان کے اسٹیٹس سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ رپورٹ میں بتایا جائے کتنے ملزمان کی ضمانت ہوئی، نامزد کتنے ملزمان نے استثنی حاصل کیا اور کون مفرور ہے۔سرکاری وکیل نے عمران خان کی مستقل استثنی سے متعلق درخواست پر دلائل کے لئے وقت مانگ لیا جب کہ عدالت نے شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود کی منگل کے روزحاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت بھی منظور کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں