نواز شریف ہمارے قائد تھے اور رہیں گے، نو منتخب لیگی صدر شہباز شریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نےکہا کہ ‘ہمارے لیڈر نواز شریف سے زیادتی ہوئی ہے، لیکن وہ دن ضرور آئے گا جب سابق وزیراعظم نواز شریف سے کی گئی زیادتی کا ازالہ ہوگا، وہ دن ضرور آئے گا جب نواز شریف کو انصاف ملے گا’۔شہباز شریف نے کہا کہ ‘نواز شریف کو قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دیا جاسکتا ہے’۔ساتھ ہی انہوں نے اپنے سیاسی حریفوں عمران خان اور آصف علی زرداری کے مبینہ گٹھ جوڑ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہوسکتے’۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‘کیسی ہی ساز باز ہو، کیسی ہی جعلسازی کیوں نہ ہو، لیکن ہمیں اپنے اوپر کامل یقین ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں معاشرے میں غریب اور امیر کے فرق کی بنیاد پر خطرناک صورتحال کو ختم کرنا ہے’۔
اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا، جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں