نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست خارج

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست خارج کردی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کی تو اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست جمع کرائی۔ وکیل نواز شریف نے دلائل کے دوران فاضل جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ذات پر اعتراض نہیں، قانون کا تقاضا ہے ریفرنس دوسری عدالت منتقل کئے جائیں۔اس موقع پر جج محمد بشیر نے کہا کہ قانون کے مطابق فرد جرم عائد کرنے کے بعد ریفرنس منتقل نہیں کر سکتا، اس کے لیے متعلقہ فورم ہائیکورٹ ہے اور اگر دوسرے صوبے میں کیس منتقل کرنا ہو تو سپریم کورٹ متعلقہ فورم ہے۔جج نے وکیل خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں آرڈر میں لکھ دیتا ہوں کہ آپ کے تحفظات ہیں جس پر نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ آپ جن باتوں پر فیصلہ دے چکے وہ دوسرے ریفرنسز میں بھی مشترک ہیں، انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہیے۔خواجہ حارث نے کہا کہ آپ ہماری درخواست پر کوئی آرڈر جاری کر دیں جس پر فاضل جج نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد میں خود ریفرنس منتقل نہیں کر سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں