زرداری سے مقابلے کیلئے کون کون میدان میں اترا؟

کراچی: سندھ میں قومی اسمبلی کے اہم حلقے این اے 213 کے لیے بڑے امیدواروں کے نام سامنے آ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواب شاہ میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے آبائی شہر سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 سے الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد سیاسی پنڈتوں کی نظریں اس حلقے پر جم گئی ہیں اور علاقے کے سیاسی درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے مقابلے پر بڑے سیاستدان میدان میں اترے ہیں جن میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے ڈاکٹر قادر مگسی، ایم کیو ایم پاکستان کے رﺅف صدیقی، فنکشنل لیگ کے سردار شیر محمد رند، ن لیگ کے سید جی ایم شاہ سمیت اور بھی کئی رہنما سامنے آگئے ہیں۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اس حلقے سے گزشتہ عام انتخابات میں آصف زرداری کی بڑی بہن ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے ایک لاکھ 13 ہزار 199 ووٹ حاصل کرکے غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس حلقے سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 5 نشستوں پر پیپلز پارٹی ہی کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں