فاروق ستار کی زیرسربراہی سینیٹ ٹکٹ دینے کیلیے مشاورتی اجلاس طلب

کراچی: سینیٹ انتخابات کے لئے امیدواروں کے انتخاب پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا تنظیمی بحران برقرار ہے تاہم پارٹی سربراہ کی زیر صدارت اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فاروق ستار کی زیر سربراہی سینیٹ امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے لئے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جو ان کی پی آئی بی میں واقع رہائشگاہ پر ہوگا۔پی آئی بی کالونی کے ایم سی گراؤنڈ میں سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کی جانب سے جنرل ورکرز اجلاس بھی بلایا گیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی ٹریجڈی سے بھرپور فلم میں آج پھر نیا موڑ آسکتا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سینیٹ کے چار امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ آج ہوجائے گا۔ پی آئی بی میں ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین صوبائی و قومی اسمبلی پہنچ چکے ہیں جن میں دلاور خان، نگہدت مرزا، جمال احمد سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اراکین کچھ دیر بعد الیکشن کمیشن جائیں گے۔دوسری جانب قیادت سے ناراض رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق بہادر آباد میں واقع پارٹی کے عارضی مرکز آمد کے موقع پر کہنا تھا کہ رات بھر رابطہ کمیٹی اراکین کی مشاورت جاری رہی، پارٹی کے نامزد امیدوار الیکشن کمیشن جائیں گے۔امین الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے واپس آکر رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا اور مشاورت کے بعد پارٹی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں