منی لانڈرنگ تحقیقات: زرداری،فریال تالپور نے الیکشن کےبعد پیش ہونےکی مہلت مانگ لی

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے اسٹیٹ بنک سرکل نے آج بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا، تاہم سینئر وکلاء کی جانب سے سابق صدر کو آج پیش نہ ہونے کے مشورے کے بعد ان کی قانونی ٹیم ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئی۔آصف علی زرداری کی جانب سے سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کے دو جونئیر وکیل ایف آئی اے اسٹیٹ بینک کرائم سرکل میں پیش ہوئے اور سابق صدر اور ان کی بہن فریال تالپور کی جانب سے تحریری بیان جمع کرایا، جس میں الیکشن کے بعد پیش ہونے کی مہلت مانگی گئی۔آصف علی زرداری کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے متن کے مطابق 2014 کے معاملے پر ایک دن میں جواب دینا اور بینک اسٹیٹمنٹ اور دیگر متعلقہ ریکارڈ فوری پیش کرنا ممکن نہیں۔بیان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف زرداری این اے 213 سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور اِن دنوں انتخابی سرگرمیوں کی وجہ سے مصروف ہیں ، انہیں ایک ایسے وقت میں طلب کیا جارہا ہے، جب دو ہفتوں بعد انتخابات ہیں۔مزید کہا گیا کہ اس وقت طلب کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور انہیں مقدمات میں مصروف رکھنے سے الیکشن مہم متاثر ہوسکتی ہے، جبکہ آئین کا آرٹیکل 218 صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کی ضمانت دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں