آزاد جموں وکشمیر قیمتی پتھروں کا غیر معمولی ذخیرہ ہے، سردار مسعود خان

سردار مسعود خان صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر معدنیات اور قیمتی پتھروں کا ایک بڑا ذخیرہ ہے ۔ لیکن معدنیات کی نکاسی کے لیے بنیادی طور پر انفراسٹرکچر ، جدید مشنری، تربیت یافتہ ہنر مند کاریگروں اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (PSDC) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زاہد مقصود شیخ سے آج ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ ابتدائی جغرافیائی سروے نے معدنیات اور قیمتی پتھروں کا بہت بڑا ذخیرہ ظاہر کیا ہے لیکن ماضی میں وسائل کی کمی اور معقول منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے ہم ان قدرتی وسائل سے بھر پور استفادہ نہ کر سکے۔ صدر نے مزید کہا کہ سنگ مر مر اور گرینائیٹ کے ساتھ ساتھ دیگر معدنی وسائل جس میں تانبا ، سونا، چاندی اور کوئلہ کے علاوہ قیمتی پتھر جیسے روبی، نیلم اور ٹور ملین بھی شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اب آزاد کشمیر حکومت معدنیات کو فروغ دینے کے لیے مقامی ہنر مند وں کی ذریعے معدنیات کی نکاسی پر اپنی خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ صدر نے کہا کہ شعبہ صنعت و حرفت پبلک سیکٹر کو تفویض ہے اورپرائیویٹ شراکت داری کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ شیخ زاہد مقصود نے کہا کہ (PSDC) آزاد کشمیر معدنیات اور انڈسٹری کارپوریشن کے ساتھ ساتھ معدنیات کی نکاسی سے متعلق سٹیک ہولڈرز سے شراکت داری کرنا چاہتی ہے، تاکہ آزاد کشمیر میں صنعتی ترقی کو حقیقی فروغ دیا جا سکے ۔ اور مقامی آبادی مستفید ہو سکے۔ صدر مسعود خان نے کہا صنعت کے فرو غ کے سلسلے میں ماحولیاتی نظام کی حفاظت کو زیادہ ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے صنعت و حرفت اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری اہم رول ادا کرتی ہے۔ اس لیے ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں