باپ بیٹا مگر مچھوں سے بھرے تالاب میں 25 منٹ تک تار سے لٹکے رہے

گیٹرلینڈ، فلوریڈا ….. فلوریڈا کے شمالی علاقے میں درختوں سے گھرے ایک تالاب کی ایک ایسی وڈیو جاری ہوئی ہے جسے دیکھ کر لوگ حیران ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ تالاب مگر مچھوں سے بھرا ہوا ہے اور اسے عبورکرنے کیلئے پھسلنے والی ڈور استعمال کی جاتی ہے۔ زیپ پولنگ کی ٹیکنالوجی سے کئے جانے والے اس انتظام کے سہارے ایک باپ بیٹے نے بھی تالاب عبور کرنے کی کوشش کی مگر کسی ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے وہ 40فٹ بلند اس تار سے کافی دیر تک لٹکے رہے۔عینی شاہدین کے مطابق وہ کم سے کم 20سے 25منٹ تک لٹکے ہوئے تھے آخر کار انہیں امدادی ٹیم کی مدد سے اس مصیبت سے نجات دلائی گئی اور وہ بخیریت دوسرے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ تنے ہوئے تار کا مجموعی فاصلہ ایک سرے سے دوسرے سرے تک 40فٹ بتایا جاتا ہے اور اسکی بلندی بھی اتنی ہی تھی۔ تار سے لٹکے ہوئے بے بس باپ بیٹے پر ایک راہگیر کی سب سے پہلے نظر پڑی جس نے بیٹے کی چیخ سن کر سب کو متوجہ کیا اور اسطرح انکی جان بچ سکی۔ موقع کی تصاویر اتارنے والے فوٹو گرافر نے بعد میں دونوں باپ بیٹے کو بتایا کہ یقینا آج کا دن آپ کیلئے خراب تھا ۔ بہرحال ایسے دن آتے رہتے ہیں۔ کوشش ہونی چاہئے کہ بلا ضرورت اس قسم کے خطرات مول نہ لئے جائیں۔ وڈیو جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی ہے کیونکہ اس قسم کے واقعات شاذو نادر ہی پیش آتے ہیں اور جب ایسے واقعات پیش آتے ہیں تو کوئی نہ کوئی جانی نقصان بھی ہو جاتا ہے مگر اچھی بات ہے کہ اس بار کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دوسروں کیلئے اس حوالے سے جاری ہونے والی وڈیو عبرت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں