زینب کے والدین کا قاتلوں کی گرفتاری تک بیٹی کی تدفین نہ کرنے کا اعلان

قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 8 سالہ بچی زینب کے والدین کا کہنا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری تک بیٹی کی تدفین نہیں کریں گے۔عمرے کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کے والد کا کہنا تھا کہ پولیس نے بچی کو ڈھونڈنے میں تعاون نہیں کیا، اگر پولیس فوری طور پر کارروائی کرتی تو ملزمان گرفتار ہو جاتے۔بچی کے والد کا کہنا تھا کہ جب تک ملزمان گرفتارنہیں ہوتے اس وقت تک بیٹی کی تدفین نہیں کریں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے واقعے کا نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔یاد رہے کہ 8 سالہ زینب کی لاش گزشتہ روز شہباز روڈ سے ملی تھی، زینب کے قتل کے واقعے پر پورا شہر سراپا احتجاج ہے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔مشتعل مظاہرین نے ڈی دی آفس پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی اور ٹائر جلا کر سڑکیں بھی بلاک کر دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں