ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے استعفیٰ دے دیا

آکلینڈ: کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ میں ایک سال سے بھی کم کا عرصہ رہ گیا اور اس سے قبل نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے اچانک عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس کے دوران بطور ہیڈ کوچ کیویز ٹیم کے عہدے سے سبکدوشی کا اعلان کیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مائیک ہیسن اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں جس پر انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ کیویز بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ مائیک ہیسن سے رابطہ کیا گیا اور انہیں مئی 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ تک ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر قائل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ اپنا فیصلہ کرچکے ہیں۔
ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ آخری سیریز اکتوبر میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلے گی، اس سے قبل بورڈ نے نئے کوچ کی تلاش شروع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں