ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض کھلاڑیوں کا کپتان کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج جاری

مظاہرین کی گیٹ پر چڑھنے کی کوشش ، ہاتھا پائی ، پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی
مظاہرین کا جہانگیر ترین کے آنے پر گھیرا ئو ، صورتحال کو بھانپتے ہوئے کپتان کو خود خطاب کرنا پڑا
پارلیمانی بورڈ نظرثانی درخواستوں کا جائزہ لے گا ،متنازعہ حلقوں میں امیدواروں کی سکروٹنی جاری رہنے کا امکان
انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض کھلاڑیوں کا بنی گالہ میں کپتان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج جاری رہا ، مظاہرین نے گیٹ پر چڑھنے کی کوشش کی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی جس کے بعد پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض کھلاڑیوں کا بنی گالہ میں کپتان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج جاری رہا ، احتجاج کے پیش نظر عمران خان نے ٹکٹوں کے اجرا پر نظر ثانی پر آمادگی بھی ظاہر کر دی۔ٹکٹوں کی تقسیم پی ٹی آئی کیلئے امتحان بن گئی۔ مختلف شہروں سے کارکنوں کی بڑی تعداد بنی گالہ پہنچی، نعرے لگاتے، شور مچاتے مظاہرین مطالبات دہراتے رہے۔ ملتان، شیخوپورہ، دیر بالا، سوات اور گجرات سے آئے کھلاڑیوں نے احتجاج کیا۔ گیٹ کے پیچھے سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہوئی۔اس سے پہلے بھی کپتان بار بار مظاہرین کومنانے آئے مگر ناکام رہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم پر نظر ثانی کا اعلان بھی احتجاجی کھلاڑیوں کا غصہ ٹھنڈ ا نہ کر سکا اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ جہانگیر ترین کے آنے پر مظاہرین نے گھیرا ئوکر لیا۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے کپتان کو خود خطاب کرنا پڑا۔دوسری جانب تحریک انصاف نے باقی حلقوں کیلئے امیدواروں کا اعلان 72 گھنٹے کیلئے موخرکر دیا۔ ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کا پارلیمانی بورڈ نئے امیدواروں کا اعلان کرے گا، پی ٹی آئی کا پارلیمانی بورڈ صرف نظرثانی درخواستوں کا جائزہ لے گا، متنازعہ حلقوں میں امیدواروں کی سکروٹنی مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں