انسٹاگرام کا نیا 'سوال جواب' کا فیچر آزمائشی مراحل میں

سوشل میڈیا کی مقبول ایپ انسٹاگرام گاہے بگاہے نئے فیچرز پیش کرنے میں مصروف ہے اور رابطے اور کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ صارفین کے لیے دلچسپ فیچرز بھی متعارف کروا رہی ہے، ایسے میں اس کا ’سوال و جواب‘ کا نیا فیچر آزمائشی مراحل میں ہے۔اس فیچر کی سہولت صارفین کو اسٹوری آپشن میں فراہم کی جائے گی، جس میں کوئی بھی سوال پوسٹ کرکے دوستوں کا جواب معلوم کیا جا سکتا ہے۔اس فیچر کو کاروباری، تعلیمی اور دیگر سرگرمیوں کے سروے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا تاکہ کسی بھی حوالے سے دوسروں کی رائے جانی جاسکے۔ سوال پوسٹ کرتے ہوئے اسٹوری میں میوزک، پولز اور جفز بھی اَپ لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ابتدائی طور پر سوالات کے جوابات صرف ’ہاں‘ یا ’ناں‘ اور کسی ’ایموجی‘ کی شکل میں دیے جا سکیں گے، جس کا ایک باکس نمایاں ہوگا۔یعنی صارفین کا سوال ایک ٹیکسٹ باکس میں موجود ہوگا جس کے نیچے موجود خانے میں جواب درج کیا جاسکے گا۔یہ جواب ممکنہ طور پر ڈائریکٹ میسج میں موصول ہوگا یا پھر ہوسکتا ہے کہ اس کے لیے کوئی علیحدہ باکس فراہم کیا جائے، تاہم فی الحال اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔امکان ہے کہ سوال پوچھنے کے لیے ٹیکسٹ باکس فیچر رواں ہفتے ہی تمام صارفین کے لیے جاری کردیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں