(ن) لیگ اور مریم نواز انتخابی نتائج متنازع کرنے کی کوشش کررہے ہیں: فواد چوہدری

اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور مریم نواز کے حواری انتخابی نتائج کو متنازع کرنے کی منظم کوشش کررہے ہیں جب کہ نوازشریف نے فوج اور عدلیہ کو نشانے پر لے لیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف قومی اور صوبائی حکومتیں بنائے گی، اقتدار میں آکر فاٹا کے انضمام کو مکمل کیا جائے گا، جیسے ہی حکومت میں آئیں گے جلد از جلد فاٹا میں صوبائی سطح پر انتخابات کرائیں گے، جو لوگ فاٹا کے معاملے پر احتجاج کررہے ہیں ان سے کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کا التوا اب ممکن نہیں اور کسی صورت بھی التوا کو قبول نہیں کریں گے۔فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) اور مریم نواز کے حواری انتخابی نتائج کو متنازع کرنے کی منظم کوشش کررہے ہیں، نوازشریف لندن میں بات کرتے ہیں اور فوج پر مسلسل تنقید کررہے ہیں، انہوں نے فوج اور عدلیہ کو نشانے پر لے لیا ہے، نوازشریف اور (ن) لیگ کے بیانیے کی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ پاکستان کی مشکلات میں اضافہ نوازشریف کے فوج مخالف بیانیے سے ہوا، ان کے بیانیے کی وجہ سے ہی پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ میں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں